بھٹکل 11/ جون (ایس او نیوز ) کانگریس حکومت کی طرف سے انتخابات کے موقع پر پانچ گیارنٹیوں میں سے ایک خواتین کے لئے مفت بس سفر اسکیم کوآج اتوار کو ریاست بھر میں لاگو کیا گیا۔ بھٹکل میں اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے خواتین کو بس پر چڑھایا اور خود بھی بس پر سوار ہوتے ہوئے شہر کا ایک چکر لگایا۔
شکتی نامی اس اسکیم کی شروعات کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سرکار کی طرف چونکہ اب خواتین سرکاری بسوں میں مفت سفر کرسکتی ہیں، خواتین کو چاہئے کہ وہ اس اسکیم کا بھرپور فائدہ اُٹھائیں ، بالخصوص پرائیویٹ سواریوں پر کہیں جانے سے گریز کرتے ہوئے سرکاری بسوں پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، اس سے ایک طرف ٹریفک کم ہو گی اور راستوں پر ٹریفک کم ہونے سے حادثوں میں بھی کمی واقع ہوگی۔
بس ڈپو مینجرجناردھن دیواکرنے بتایا کہ سرکاری بسوں پر مفت سفرکرنے کے لئے خواتین کے لئے ضروری ہوگا کہ وہ سرکار کی طرف سے جاری کردہ فوٹو شناختی کارڈ دکھا کر کنڈکٹر سے ٹکٹ حاصل کریں، ٹکٹ فری ہوگی، لیکن فری ٹکٹ بس سے اُترنے تک اپنے پاس رکھنا ضروری ہوگا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر بھٹکل ڈی وائی ایس پی شریکانت، بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک و دیگرلوگ موجود تھے۔